ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاک بھارت ٹاکرا، کولمبو میں میچ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل
عثمان طارق ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ہیں،کپتان سلمان آغا کی پری میچ پریس کانفرنس
سری لنکا کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مقابلے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
گراؤنڈ اسٹاف میدان کو کلیئر کرنے اور فائنل ٹچ دینے میں مصروف ہے جبکہ تمام اسٹینڈز میں صفائی ستھرائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ پچ کو بارش سے بچانے کے لیے کورز سے ڈھانپا گیا ہے اور پچ میچ کے لیے تیار ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کولمبو پہنچ چکی ہے اور بھارت سے کل کے مقابلے کی تیاریوں کے سلسلے میں تین گھنٹے کے پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پری میچ پریس کانفرنس بھی کی۔
مزید پڑھیں: دبئی، آئی سی سی میٹنگ جاری، ممبران پاک بھارت کرکٹ بورڈ میں سیزفائر کے خواہاں
پریس کانفرنس میں کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم تمام کھلاڑیوں کو برابر اہمیت دیتی ہے اور عثمان طارق ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ہیں، اسپن باؤلرز میچ میں اثر ڈال سکتے ہیں اور فاسٹ باؤلرز کسی بھی وقت کھیل کا رخ بدل سکتے ہیں۔
انھوں نے ٹاس کے بارے میں کہا کہ میچ کا فیصلہ ٹاس سے نہیں ہوتا بلکہ اچھی کرکٹ کھیل کر ہی جیتا جاتا ہے، ہماری ٹیم سری لنکا کے حالات سے مطابقت رکھتی ہے اور آئی سی سی نے عثمان طارق کو دو بار کلیئر کیا ہے، لہٰذا ان پر تنقید کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔
سلمان علی آغا نے یہ بھی واضح کیا کہ بیٹنگ آرڈر سیٹل ہے اور بابر اعظم بہترین فارم میں ہیں۔ انہوں نے پاور پلے کے استعمال، بیٹنگ اور باؤلنگ میں حکمت عملی، اور ٹیم کی پوزیشنز پر بھی تفصیل دی اور کہا کہ اچھی ٹیم کے خلاف میچ کھیلنے کی کوشش ہوگی۔
کپتان نے بھارتی صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم ہاتھ ملانا چاہے تو دیکھیں گے، فی الحال ہماری توجہ میچ پر ہے۔ تیاریوں کے ساتھ، کولمبو میں شائقین اور ٹیمیں دونوں اس ہائی وولٹیج ٹاکرے کے منتظر ہیں، جو پوائنٹس ٹیبل اور سیمی فائنل کے امکانات پر بھی بڑا اثر ڈالے گا۔
