پاک بھارت ٹاکرا؛ بھارتی کپتان نے حکمت عملی واضح کردی
ایشیاکپ میں پاکستان نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ماضی قریب میں بھی کارکردگی متاثر کن رہی، بھارتی کپتان کا اعتراف
کولمبو: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پری میچ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف اہم مقابلے میں ابھیشیک شرما کو موقع دیا جائے گا اور ٹیم ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی طرز کی کرکٹ ہو، کھلاڑیوں کو خود کو حالات کے مطابق ڈھالنا ہوتا ہے۔ ہم یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں اور جانتے ہیں کہ کس انداز کی کرکٹ کھیلنی ہے۔ کوئی نئی حکمت عملی نہیں، بس اچھی کرکٹ کھیلنے پر توجہ ہے۔
سوریا کمار یادیو نے اعتراف کیا کہ ایشیاکپ میں پاکستان نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ماضی قریب میں بھی اس کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم بھی گزشتہ ایک سال سے تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھارہی ہے۔
کپتان نے کہا کہ پاکستان کو کولمبو میں مسلسل کھیلنے کا کچھ فائدہ ضرور ہوسکتا ہے لیکن یہ ایک ہائی رسک مقابلہ ہے جہاں ٹیم کو جیت کے لیے رسک لینا پڑتا ہے۔ یہ ہائی پریشر گیم ہے اور وکٹ کو دیکھ کر فیصلہ کرنا ہوگا کہ کس حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کولمبو کا گراؤنڈ بڑا ہے اور یہاں کھیلنا ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے تاہم کنڈیشنز بھارت جیسی ہی ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کو زیادہ مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ مختصر طرز کی کرکٹ میں کوئی ایک بھی بلے باز میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ پاکستان کے خلاف باقاعدگی سے میچ کھیلنا ان کے اختیار میں نہیں لیکن جب بھی موقع ملتا ہے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
