بنگلا دیش، جماعت اسلامی نے انتخابی نتائج کو تسلیم کرلیا، مضبوط اپوزیشن بنانے کا اعلان
یہ کوئی ناکامی نہیں بلکہ مستقبل کی مضبوط سیاسی بنیاد ہے، ڈاکٹر شفیق الرحمان
بنگلہ دیش میں حالیہ قومی پارلیمانی انتخابات کے بعد جماعت اسلامی نے مجموعی نتائج کو قبول کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں فعال اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پارٹی کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے اپنے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی عوامی فیصلے اور آئینی عمل کا احترام کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوری استحکام، قانون کی بالادستی اور مؤثر پارلیمانی سیاست جماعت کے بنیادی اصول ہیں اور وہ اسی راستے پر کاربند رہے گی۔
انہوں نے کارکنان اور حامیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بعض حلقوں میں مایوسی پائی جا سکتی ہے، تاہم 77 نشستوں پر کامیابی پارٹی کے لیے بڑی پیش رفت ہے، جس سے پارلیمنٹ میں اس کی نمائندگی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔
ان کے بقول یہ کوئی ناکامی نہیں بلکہ مستقبل کی مضبوط سیاسی بنیاد ہے۔
ڈاکٹر شفیق الرحمن نے ماضی کی سیاسی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ معمول کی بات ہے۔ انہوں نے حوالہ دیا کہ بی این پی ایک وقت میں محدود نشستوں تک رہ گئی تھی، مگر بعد ازاں دوبارہ اقتدار تک پہنچی۔
ان کے مطابق جمہوری جدوجہد ایک طویل عمل ہے جس میں صبر، مستقل مزاجی اور عوامی اعتماد کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیادت کا اصل معیار صرف انتخابی مہم نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ کو خندہ پیشانی سے قبول کرنا بھی ہے۔
جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ وہ پارلیمنٹ کے اندر تعمیری اور پرامن اپوزیشن کے طور پر کردار ادا کرتے ہوئے شہری حقوق کے تحفظ، شفاف حکمرانی اور قومی ترقی کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔
