14 اگست 2025 کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کی تجدید کی ہے۔
“معرکہ حق” کے عنوان سے جاری کردہ خصوصی پیغام میں پاک فوج، پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور رینجرز نے اپنے اپنے بیانات میں اس عہد کو دہرایا کہ وطن کی حرمت کے لیے وہ ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
پاک فوج نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ وردی صرف لباس نہیں یہ ہمارے عشق کی پہچان ہے، ہماری سانس، خون، جذبہ اور جنون سب کچھ اس پاک سرزمین کی حفاظت کے لیے وقف ہے۔
پاک فضائیہ نے بھی اپنے جذبے کا اظہار کچھ یوں کیا کہ ہماری ہر پرواز اور ہر اڑان، پاکستان کے وقار اور سربلندی کی علامت ہے۔
پاک بحریہ نے سمندری سرحدوں کے دفاع کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر لہر کے سامنے حفاظتی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔
پاک رینجرز کا کہنا تھا کہ پہاڑ ہو یا میدان، طوفان ہو یا کٹھن راہ، وطن کی حفاظت ہمارا ایمان ہے، ہم ہر لمحہ ملک کے امن کے لیے تیار ہیں۔
مسلح افواج نے اس دن کو نہ صرف آزادی کے حصول کی یادگار قرار دیا بلکہ اسے “تحفظِ آزادی” کے جاری معرکے کا تسلسل بھی کہا، تاہم ان کے مطابق یہ ایک ایسا معرکہ ہے جس میں حق کی فتح ہوئی اس میں شامل ہونا ہر سپاہی کے لیے باعثِ فخر ہے۔
بعدازاں یوم آزادی کے موقع پر مسلح افواج نے پاک سرزمین کی حفاظت کرنے کا تجدیدِ عہد بھی کیا۔