راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنوں کی جانب سے صحافیوں پر تشدد کے معاملے پر درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کردی گئیں۔
پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر 1169/25 تھانہ صدر بیرونی میں صحافی طیب بلوچ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں علیمہ خان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھہ، انتصار ستی اور 40 کے قریب نامعلوم کارکنان شامل ہیں۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 506، 147، 149، 382 اور 427 لگائی گئی ہیں جب کہ سات اے ٹی اے اور سب سیکشن 21 آئی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت میڈیا نمائندگان کو فرائض کی انجام دہی سے روکا اور تشدد کیا۔ انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 21 آئی مشاورت اور منصوبہ بندی پر لگائی گئی ہے جبکہ دفعہ 7 اے ٹی اے میڈیا نمائندگان کو زبردستی روکنے پر شامل کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو اب انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کیا جائے گا اور مقدمے کی تفتیش انسپکٹر رینک کا افسر کرے گا۔