کراچی: شہر میں بچوں کے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ ہو گیا ہے، جس سے والدین میں خوف و ہراس کی لہر پھیل گئی ہے۔
بول نیوز کے مطابق چند روز کے دوران شہر قائد کے مختلف علاقوں سے 4 بچے اغوا ہوئے جبکہ والدین کو بھاری تاوان کے مطالبے پر مبنی فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل سے 2 اور ساوتھ سے ایک بچی اغوا کی گئی۔ خواجہ اجمیر نگری سے اغوا ہونے والے وہاب کی والدہ کے مطابق ملزمان نے بازیابی کے بدلے 25 لاکھ روپے تاوان طلب کیا ہے۔
مزید پڑھیں: عدالت کا پولیس کولیاری سے اغوا پانچ سالہ بچے کی بازیابی کا حکم
والدہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ان سے رابطہ کیا مگر مقدمہ تاحال انسداد اغوا برائے تاوان سیل (اے وی سی سی) کو باضابطہ طور پر منتقل نہیں کیا گیا۔
نیو کراچی بلال کالونی سے کمسن خدیجہ کو بھی تاحال بازیاب نہیں کرایا جا سکا جبکہ سول لائنز ہجرت کالونی سے 4 سالہ مائرہ کو اغوا کر کے 4 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
بچی کے والد اسرار نے اپیل کی ہے کہ اعلیٰ حکام فوری مداخلت کر کے بچی کو بازیاب کرائیں، مقدمہ سول لائن تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
ادھر کورنگی کے کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والا 12 سالہ محمد حسن بھی ابھی تک نہیں مل سکا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی کا کہنا ہے کہ تاوان کے مطالبے اور وارداتوں کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور بچوں کی بازیابی کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔