یو ایس اوپن کے ٹینس مقابلے میں شکست روسی اسٹار ڈینیل میدودیو کے لیے مزید مہنگی ثابت ہوئی، میچ ہارنے کے بعد غصے میں آکر ریکٹ توڑنے پر ان پر 42 ہزار 500 ڈالرز کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
اسپورٹس خبر رساں ادارے کے مطابق ٹورنامنٹ ریفری نے میدودیو پر اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی رویے پر 30 ہزار ڈالرز اور کورٹ میں ریکٹ توڑنے پر 12 ہزار 500 ڈالرز کا جرمانہ کیا۔
اس طرح میدودیو کو اپنی ٹورنامنٹ پرائز منی کا تقریباً ایک تہائی حصہ جرمانے کی صورت میں دینا پڑا۔
واضح رہے کہ میچ کے دوران ریفری کے ایک فیصلے پر میدودیو شدید برہم ہوگئے تھے اور شکست کے بعد غصے میں آکر ریکٹ توڑ ڈالا، جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ٹینس حکام کے مطابق کھیل کے دوران نظم و ضبط اور پروفیشنل رویہ برقرار رکھنا ہر کھلاڑی کے لیے لازمی ہے، اور اس خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جاتی ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ بڑے کھلاڑیوں کے لیے جذبات پر قابو پانا بھی جیتنے جتنا ہی ضروری ہے۔