سال 2025 کے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے منتظمین نے تاریخ رقم کر دی ہے، اور ایونٹ میں شریک ہونے والے کھلاڑیوں پر پیسوں کی برسات کر دی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس بار مجموعی انعامی رقم 90 ملین ڈالر (9 کروڑ امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گئی ہے جو کہ اب تک کسی بھی ٹینس ایونٹ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
ٹورنامنٹ منتظمین نے اعلان کیا کہ مردوں اور خواتین کے سنگلز چیمپیئنز کو اس سال 5 ملین ڈالر فی کس دیے جائیں گے، جو گزشتہ سال کی رقم (3.6 ملین ڈالر) سے 39 فیصد زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں: ’کنگ آف کلے‘ ٹینس اسٹار رافیل نڈال کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
اس کے علاوہ ایونٹ کے ہر مرحلے میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، کوارٹر فائنلسٹس کو 25 فیصد اضافے کے ساتھ 6 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔
سیمی فائنلسٹس کو 26 فیصد اضافے کے ساتھ 1.26 ملین ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ فائنلسٹس کو بھی 26 فیصد اضافے کے ساتھ 2.5 ملین ڈالر کی خطیر رقم ملے گی۔
یہ اضافہ صرف سنگلز مقابلوں تک محدود نہیں، بلکہ ڈبلز ایونٹس میں بھی انقلابی تبدیلی کی گئی ہے۔
اس سال پہلی بار، مردوں، خواتین اور مکسڈ ڈبلز کے فاتحین کو 1 ملین ڈالر انعامی رقم دی جائے گی جو اس کیٹیگری کے لیے ایک نیا سنگ میل ہے۔
مزید پڑھیں: نوواک جوکووچ ٹینس کی رینکنگ میں دوبارہ نمبر ایک پر آ گئے
انعامی رقم میں یہ تاریخی اضافہ اُس وقت سامنے آیا ہے جب دنیا کے صفِ اول کے ٹینس کھلاڑیوں نے چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس (آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن) کے منتظمین کو مشترکہ خط لکھ کر انعامی رقوم میں خاطر خواہ اضافہ کا مطالبہ کیا تھا۔
یو ایس اوپن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہر مرحلے، ہر ایونٹ اور ہر کھلاڑی کے لیے 2024 کے مقابلے میں دوہندسوں (Double Digit) میں اضافہ کیا جائے، جبکہ سنگلز مقابلوں میں آگے بڑھنے والے کھلاڑیوں کے لیے انعامات میں نمایاں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
منتظمین نے کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے 5 ملین ڈالر اضافی اخراجات کی مد میں مختص کیے ہیں، جس میں ہر کھلاڑی کے لیے 1 ہزار ڈالر سفری الاؤنس اور دو ہوٹل رومز سرکاری پلیئر ہوٹل میں (یا 600 ڈالر یومیہ اگر متبادل رہائش اختیار کی جائے)۔
یاد رہے کہ گرینڈ سلم یو ایس اوپن ٹینس ایونٹ کا انعقاد رواں ماہ ہی ہو گا، کوالیفائنغ راؤنڈز 18 اگست سے شروع ہوں گے جبکہ مین ڈراز (سنگلز مقابلے) 24 اگست سے 7 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔