لندن: انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں پہلی وکٹ لینے والے سابق فاسٹ بولر کین شٹل ورتھ 80 برس کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کرگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ان کا انتقال رواں ماہ کے آغاز میں ہوا جبکہ لنکا شائر کاؤنٹی نے گزشتہ ہفتے ان کے انتقال کی باضابطہ تصدیق کی۔
کین شٹل ورتھ نے 1970 سے 1971 کے دوران انگلینڈ کی جانب سے پانچ ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا۔ وہ 1970-71 کے تاریخی ایشز دورۂ آسٹریلیا میں انگلینڈ کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
مزید پڑھیں: بابراعظم اور محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے موزوں نہیں رہے، مکی آرتھر نے پنڈورہ باکس کھول دیا
انہیں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں انگلینڈ کی جانب سے پہلی وکٹ لینے کا اعزاز حاصل ہے، جو انہوں نے 1971 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں حاصل کی۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کو طویل رن اپ، سائیڈ آن ایکشن اور برق رفتاری کے باعث شہرت ملی۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں لنکا شائر کے لیے 484 اور لیسٹر شائر کے لیے 99 وکٹیں حاصل کیں۔
بعد ازاں وہ فرسٹ کلاس امپائر بھی بنے اور 2021 میں لنکا شائر کے “ہال آف فیم” میں شامل کیے گئے۔