5 گھنٹے 27 منٹ پر مشتمل مکمل چاند گرہن میں چاند سرخ ہو جائے گا، محکمہ موسمیات
فلکیاتی مظاہر سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک اہم خبر ہے کہ رواں سال 2025 کا پہلا مکمل چاند گرہن، جسے “بلڈ مون” (Blood Moon) کہا جاتا ہے، 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب دنیا کے مختلف حصوں سمیت پاکستان بھر میں بھی دیکھا جا سکے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ چاند گرہن پانچ گھنٹے 27 منٹ پر محیط ہوگا، اور اس دوران چاند زمین کے مکمل سائے میں آ جائے گا، جس کے باعث اس کا رنگ سرخی مائل یا گہرا سرخ ہو جائے گا یہی وہ نظارہ ہے جسے سائنسی طور پر بلڈ مون کا نام دیا جاتا ہے۔
اس منفرد گرہن کا کا آغاز پاکستانی معیاری وقت کے مطابق 7 ستمبر کو رات 8:28 بجے ہو گا، جزوی چاند گرہن کا آغاز رات 9:27 بجے ہو گا۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق رات 11:12 بجے یہ گرہن اپنے عروج پر ہو گا، جزوی گرہن رات 12:57 پر جبکہ اس دلکش نظارے کا مکمل اختتام 8 ستمبر رات 1:55 بجے ہو گا۔
یہ مکمل چاند گرہن پاکستان سمیت ایشیا، یورپ، افریقہ، آسٹریلیا اور بحرالکاہل کے بیشتر علاقوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔
مزید یہ کہ گرہن کا نظارہ بھارت، بنگلہ دیش، چین، جاپان، سعودی عرب، مغربی شمالی امریکا اور مشرقی جنوبی امریکا میں بھی ممکن ہوگا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق، جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آ جاتی ہے، اور چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں آ جاتا ہے، تو سورج کی روشنی زمین کے ماحول سے گزر کر چاند پر پڑتی ہے، جو صرف سرخ یا نارنجی شعاعیں چاند تک پہنچنے دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چاند کا رنگ سرخ دکھائی دیتا ہے، اور اسے بلڈ مون کہا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ یہ ایک قدرتی اور محفوظ فلکیاتی مظہر ہے، جس کا نظارہ ننگی آنکھ سے بھی بخوبی کیا جا سکتا ہے، فلکیاتی شوقین افراد کے لیے یہ ایک نادر موقع ہے۔