لاہور: بھارت کی جانب سے دریاؤں میں اضافی پانی چھوڑنے کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ہنگامی امدادی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج طلب کر لی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق قصور، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور اوکاڑہ میں سول انتظامیہ کی درخواست پر فوجی دستے تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو مؤثر طریقے سے انجام دیا جا سکے۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق فوج کی تعیناتی ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے کی جائے گی اور ضرورت کے مطابق آرمی ایوی ایشن سمیت دیگر وسائل بھی متاثرہ علاقوں میں فراہم کیے جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب حکومت اور متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کر رہے ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات بروقت اٹھائے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزارت داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس کے تحت فوجی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔
حکومت پنجاب نے واضح کیا ہے کہ عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاریاں موجود ہیں۔