آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت پاکستان کے کیش لیس اکانومی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 31 اکتوبر 2025 تک لازمی طور پر ڈیجیٹل پیمنٹ آپشنز اختیار کریں۔
اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی کے مطابق، اس اقدام کا مقصد صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مستحکم بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قدم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری ڈیجیٹائزیشن مہم کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں اٹھایا گیا ہے۔
اوگرا نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام ریٹیل آؤٹ لیٹس پر ڈیجیٹل پیمنٹ سہولیات، بالخصوص ‘راست’ کیو آر کوڈ، نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں۔
اس ضمن میں اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں (MFBs)، یا الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز (EMIs) کے ساتھ فوری طور پر رابطہ کر کے مفت راست کیو آر کوڈ حاصل کریں اور صارفین کے لیے سہولت کو یقینی بنائیں۔
اوگرا ترجمان نے مزید کہا کہ 31 اکتوبر 2025 کے بعد اگر کوئی صارف ڈیجیٹل ادائیگی کرنا چاہے تو اسے انکار کرنے کی اجازت کسی بھی ریٹیل آؤٹ لیٹ کو نہیں دی جائے گی۔