پاکستان کی معروف اداکارہ شرمین حنا رضوی نے اپنے شوہر عمار احمد خان سے علیحدگی کی خبر سنا کر مداحوں کو افسردہ کردیا ہے۔
حنا رضوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پیغام میں کہا کہ بہت دکھ کے ساتھ میں اعلان کر رہی ہوں کہ میرے اور عمار احمد خان کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے، ہم اس وقت اپنے رشتے کے مستقبل پر غور کرنے کے مرحلے میں ہیں اور ہمیں کچھ وقت درکار ہے، براہِ کرم ہماری پرائیویسی کا احترام کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ طلاق کا کوئی حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا اور دونوں فریقین اس تعلق کو بہتر طور پر سمجھنے اور سنبھالنے کے لیے وقت لینا چاہتے ہیں۔
اداکارہ نے مداحوں سے درخواست کی کہ اس نازک وقت میں منفی تبصروں سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بننے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شادی جیسے تعلق کی نوعیت صرف وہی لوگ سمجھ سکتے ہیں جو اس بندھن میں بندھے ہوتے ہیں۔
اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا اسٹوریز اور کچھ ویڈیوز میں بھی علیحدگی کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا، جن میں وہ خاصی دل گرفتہ دکھائی دیں۔
ان ویڈیوز میں انہوں نے زندگی کے اس مرحلے پر صبر و برداشت کی اہمیت پر زور دیا اور عوام سے ہمدردی اور سمجھ بوجھ کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ دونوں فنکاروں نے اپریل 2024 میں شادی کی تھی، جس میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات نے شرکت کی تھی۔