صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع قلات، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی حمایت یافتہ تنظیم “فتنتہ الہندوستان” کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے ملک دشمن عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ دہشتگرد امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ قوم متحد ہے، اور دہشتگردی کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
صدرِ مملکت نے یہ بھی یقین دہانی کروائی کہ ملک میں مکمل امن کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
اسی سلسلے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز کو دو روزہ کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مصوم شہریوں کے جان و مال کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کے مزموم عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سالمیت کے دشمن، فتنہ الہندوستان جیسے عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے یکساں پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ کلات میں حالیہ سیکیورٹی آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔