پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے تناظر میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی آئندہ ماہ پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اپنے دورۂ پاکستان کے دوران افغان وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب سے باضابطہ ملاقات کریں گے جبکہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ان کی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی، معاشی روابط اور تجارت کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
مزید برآں افغانستان کی وزارتِ صنعت و تجارت کے نائب وزیر احمد اللہ زاہد کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد ان دنوں پاکستان کے دورے پر موجود ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، وفد کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانزٹ، باہمی تجارت اور ترجیحی تجارتی ٹیرف (Preferential Trade Tariff) سے متعلق اہم امور پر مشاورت کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران ترجیحی ٹیرف سے متعلق ایک اہم تجارتی معاہدہ طے پانے کا بھی امکان ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔