والدین کی مالی کفالت! کومل عزیز کا بیان سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا
والدہ کی مالی مدد سے متعلق سوال پر کومل عزیز خان کا جواب وائرل ہوگیا
پاکستانی اداکارہ اور کاروباری شخصیت کومل عزیز خان کے والدین کی مالی کفالت سے متعلق بیان نے سوشل میڈیا پر مختلف آرا کو جنم دے دیا ہے۔
کومل عزیز خان نے حال ہی میں اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سوال و جواب کے ایک سیشن کے دوران مداحوں کے سوالات کے جواب دیے۔ اس دوران ایک صارف نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ اپنی والدہ کی مالی مدد کرتی ہیں؟
اس سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ نہیں! میں اپنی والدہ کے اخراجات برداشت نہیں کرتی کیونکہ میرے نزدیک گھر کی مالی ذمہ داری بنیادی طور پر مردوں پر عائد ہوتی ہے۔
بعد ازاں کومل عزیز خان نے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے والد کی شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنی زندگی میں ہی میری والدہ کے لیے اتنے مالی وسائل چھوڑے کہ انہیں کبھی اپنی اولاد پر مالی طور پر انحصار کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں بچت اور سرمایہ کاری کو انتہائی اہم سمجھتی ہوں تاکہ مستقبل میں مالی مشکلات سے بچا جاسکے۔
کومل عزیز خان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آرا اور تبصرے سامنے آ رہے ہیں جہاں بعض افراد نے ان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ بعض نے اس پر اختلاف بھی کیا۔