آئی سی سی کا سالانہ اجلاس ختم، کرکٹ دنیا کے لیے بڑے اعلانات سامنے آگئے

آئی سی سی کا سالانہ اجلاس ختم، کرکٹ دنیا کے لیے بڑے اعلانات سامنے آگئے

آئی سی سی نے کرکٹ کینیڈا کی معطلی ختم کرنے کے لیے بحالی کی شرائط منظور کرلیں

آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں پاکستان سمیت عالمی کرکٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے جہاں گورننس، فرنچائز لیگز اور مختلف رکن ممالک کے معاملات پر کئی اہم اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے کا جائزہ لینے کے لیے نئی گورننس ریویو کمیٹی قائم کر دی جبکہ دنیا بھر کی فرنچائز لیگز کے معاملات کو دیکھنے کے لیے نئی فرنچائز لیگز کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

آئی سی سی بورڈ نے ماریشس کو 111ویں رکن ملک کے طور پر منظور کر لیا۔ آئی سی سی کے مطابق ماریشس کی شمولیت سے دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔

اجلاس میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے لیے ایک کروڑ 28 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر قرض کی منظوری بھی دی گئی۔

آئی سی سی نے کرکٹ کینیڈا کی معطلی ختم کرنے کے لیے بحالی کی شرائط منظور کرلیں تاہم شرائط مکمل ہونے تک معطلی برقرار رہے گی۔

سری لنکا کرکٹ کے آئین میں اصلاحات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ آئی سی سی نے سری لنکا میں جلد انتخابات کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سری لنکا کرکٹ تاحال آئی سی سی بورڈ اجلاسوں میں نمائندگی کا اہل نہیں ہوگا۔

دوسری جانب آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے نومنتخب صدر کو مکمل رکن ڈائریکٹر کے طور پر تسلیم کر لیا جبکہ رکنیت کے قواعد کی خلاف ورزی پر فرانس کرکٹ کو باضابطہ نوٹس جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

Related posts

میسی کا آخری خواب یا انگلینڈ کا نیا عروج؟ ورلڈ کپ سیمی فائنل پر دنیا بھر کی نظریں

سرمایہ کاروں کے چہرے کھل اٹھے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

زینڈایا کا تاریخی فیشن انتخاب؛ 3 ہزار سال قدیم ایرانی بالیاں پہن لیں