میسی کا آخری خواب یا انگلینڈ کا نیا عروج؟ ورلڈ کپ سیمی فائنل پر دنیا بھر کی نظریں

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا سب سے سنسنی خیز دوسریے سیمی فائنل آج انگلینڈ اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا جہاں کئی دہائیوں پرانی فٹبال دشمنی، سیاسی تاریخ اور عالمی اعزاز کی جنگ ایک بار پھر سامنے آگئی ہے۔

اٹلانٹا اسٹیڈیم میں ہونے والے اس بڑے مقابلے میں دنیا بھر کی نظریں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی اور انگلینڈ کے اسٹار فارورڈ ہیری کین پر ہوں گی۔

انگلینڈ اور ارجنٹینا کے درمیان مقابلوں کی تاریخ ہمیشہ ڈرامائی رہی ہے۔ 1986 کے ورلڈ کپ میں ڈیاگو میراڈونا کے متنازع ہینڈ آف گاڈ گول سے لے کر 1998 میں ڈیوڈ بیکہم کے ریڈ کارڈ تک دونوں ٹیموں کے میچز تنازعات، جذبات اور سنسنی سے بھرپور رہے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان فاک لینڈ جزائر کا سیاسی تنازع بھی اس تاریخی حریفائی کو مزید اہم بنا دیتا ہے۔

انگلینڈ سیمی فائنل تک کیسے پہنچا؟

انگلینڈ نے گروپ ایل میں 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ کیا، جہاں اس نے کروشیا اور پاناما کو شکست دی جبکہ گھانا کے خلاف میچ برابر کھیلا۔

ناک آؤٹ مرحلے میں انگلینڈ کو سخت مقابلوں کا سامنا کرنا پڑا۔ راؤنڈ آف 32 میں ڈی آر کانگو کے خلاف دوسرے ہاف میں واپسی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی، جبکہ پری کوارٹر فائنل میں میزبان میکسیکو کو سنسنی خیز مقابلے میں 3-2 سے شکست دی۔

کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے ایک گول کے خسارے کے بعد ناروے کو اضافی وقت میں 2-1 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

ارجنٹینا کا سفر

ارجنٹینا نے گروپ جے میں الجزائر، آسٹریا اور اردن کو شکست دے کر شاندار کارکردگی دکھائی۔

راؤنڈ آف 32 میں کیپ وردے کے خلاف سخت مقابلے کے بعد ارجنٹینا نے اضافی وقت میں 3-2 سے کامیابی حاصل کی۔

پری کوارٹر فائنل میں مصر کے خلاف ارجنٹینا نے دو گول کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے 3-2 سے کامیابی حاصل کی، تاہم اس میچ میں امپائرنگ پر سوالات بھی اٹھائے گئے۔

کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف بھی مقابلہ 120 منٹ تک جاری رہا، جس کے بعد ارجنٹینا نے 3-1 سے فتح حاصل کی۔

میسی کا انگلینڈ کے خلاف پہلا ورلڈ کپ مقابلہ

لیونل میسی نے فٹبال کی دنیا میں تقریباً ہر اعزاز حاصل کیا ہے، ورلڈ کپ، کوپا امریکا، چیمپئنز لیگ، بیلن ڈی اور گولڈن بال سمیت کئی کامیابیاں ان کے نام ہیں۔

تاہم میسی کے لیے 21 سالہ کیریئر میں ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے کبھی انگلینڈ کے خلاف نہیں کھیلا۔

39 سالہ میسی پہلی بار تھری لائنز کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ 2005 کے دوستانہ میچ میں انہیں کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ریڈ کارڈ ملا تھا، جس کے باعث وہ انگلینڈ کے خلاف کھیلنے کا موقع گنوا بیٹھے تھے۔

میسی کا کہنا ہے کہ میں نے سب کے خلاف کھیلا ہے، سوائے انگلینڈ کے۔ یہ خاص لمحہ ہے کیونکہ وہ ایک بڑی فٹبال قوم ہے واضح رہے کہ اس ورلڈ کپ میں میسی شاندار فارم میں ہیں اور 6 میچز میں 8 گول کرچکے ہیں۔ وہ پہلی بار گولڈن بوٹ جیتنے کے امیدوار بھی ہیں۔

بطور کپتان میسی ارجنٹینا کو مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ فائنل تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر ارجنٹینا انگلینڈ کو شکست دیتا ہے تو وہ گزشتہ چار ورلڈ کپ میں تیسری بار فائنل میں پہنچ جائے گا۔

میسی تین مسلسل ورلڈ کپ فائنلز کھیلنے والے برازیل کے کافو کے کارنامے کی برابری بھی کرسکتے ہیں، جبکہ میراڈونا بھی صرف دو ورلڈ کپ فائنلز کھیل سکے تھے۔

انگلینڈ کی تاریخ بدلنے کی کوشش

انگلینڈ کی موجودہ ٹیم 1966 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

ہیری کین اور جوڈ بیلنگھم کی قیادت میں انگلینڈ کے پاس تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے کہ وہ نہ صرف دوسرا ورلڈ کپ جیتے بلکہ اپنی سرزمین سے باہر پہلی بار عالمی چیمپئن بنے۔

انگلینڈ کے کوچ تھامس ٹوخیل کی ٹیم پر دباؤ ضرور ہے، تاہم گول کیپر جارڈن پکفورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیم دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پکفورڈ نے کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں جیتنے کا جذبہ دکھایا ہے اور فیصلے حق میں ہوں یا خلاف، کھلاڑی دوبارہ توجہ مرکوز کرکے کھیل جاری رکھتے ہیں۔

میچ کی اہم تفصیلات

میچ: انگلینڈ بمقابلہ ارجنٹینا

مرحلہ: ورلڈ کپ 2026 سیمی فائنل

مقام: اٹلانٹا اسٹیڈیم (مرسڈیز بینز اسٹیڈیم)، جارجیا، امریکا

تماشائیوں کی گنجائش: 68,239 افراد

اسٹیڈیم کی خاص بات: جدید ترین ڈیزائن، متحرک چھت اور 360 ڈگری ہالو ویڈیو اسکرین

یہ اسٹیڈیم ورلڈ کپ کے سات میچز کی میزبانی کر رہا ہے اور اٹلانٹا میں ہونے والا آخری ورلڈ کپ میچ بھی یہی ہوگا۔

اب سوال صرف ایک ہے: کیا میسی ارجنٹینا کو ایک اور فائنل تک پہنچائیں گے یا انگلینڈ 60 سالہ انتظار ختم کرنے کی جانب ایک اور قدم بڑھائے گا؟

Related posts

آئی سی سی کا سالانہ اجلاس ختم، کرکٹ دنیا کے لیے بڑے اعلانات سامنے آگئے

سرمایہ کاروں کے چہرے کھل اٹھے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

زینڈایا کا تاریخی فیشن انتخاب؛ 3 ہزار سال قدیم ایرانی بالیاں پہن لیں