زینڈایا کا تاریخی فیشن انتخاب؛ 3 ہزار سال قدیم ایرانی بالیاں پہن لیں

زینڈایا کا تاریخی فیشن انتخاب؛ 3 ہزار سال قدیم ایرانی بالیاں پہن لیں

3 ہزار سال قدیم ایرانی سونے کی بالیاں سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئیں

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ زینڈایا اپنی نئی فلم ’دی اوڈیسی‘ کی تشہیری تقریب میں تقریباً 3 ہزار سال قدیم ایرانی سونے سے تیار کردہ نایاب بالیاں پہن کر شریک ہوئیں جس کے بعد ان کے منفرد انداز نے سوشل میڈیا اور فیشن حلقوں میں بحث چھیڑ دی۔

لندن میں منعقدہ فلم کی تشہیری تقریب میں زینڈایا نے سفید رنگ کا ہالٹر گاؤن، سفید ہیڈ اسکارف اور سفید پمپس پہن رکھے تھے، تاہم سب سے زیادہ توجہ ان کی قدیم ایرانی سونے کی بالیوں نے حاصل کی۔ ان بالیوں میں پہلی ہزار سال قبل مسیح سے تعلق رکھنے والے اصل ایرانی سونے کے ڈسکس استعمال کیے گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق یہ نایاب ڈسکس زیویا گولڈ کے نام سے معروف تاریخی خزانے کا حصہ ہیں جنہیں لندن میں قدیم زیورات کے ڈیلر بیرن لندن کے ذریعے حاصل کیا گیا۔

بعد ازاں ان قدیم سونے کے ٹکڑوں کو 18 قیراط سونے اور ہیروں کے ساتھ جدید انداز میں تیار کیا گیا جس سے تاریخی ورثے اور جدید جیولری ڈیزائن کا حسین امتزاج سامنے آیا۔

ماہرین آثارِ قدیمہ کے مطابق ان سونے کے ڈسکس پر کندہ شعاعوں والے سورج کا نشان قدیم مشرقِ قریب کی تہذیبوں میں اہم مذہبی اور ثقافتی علامت سمجھا جاتا تھا۔ آشوری تہذیب میں اسے سورج دیوتا شمش سے منسوب کیا جاتا تھا، جو انصاف، تحفظ اور الٰہی طاقت کی علامت تھا۔

تاریخی ریکارڈ کے مطابق زیویا خزانہ 1947 میں ایران کے صوبہ کردستان کے شہر سقز کے قریب واقع گاؤں زیویا میں دریافت ہوا تھا جہاں ایک کانسی کے تابوت سے سونے کے متعدد قیمتی نوادرات برآمد ہوئے تھے۔

 آثارِ قدیمہ کے ماہرین کی عدم موجودگی کے باعث ان نوادرات کا بڑا حصہ مختلف افراد کے ہاتھوں بکھر گیا اور بعد میں دنیا کے مختلف حصوں میں فروخت کر دیا گیا۔

زینڈایا کے اس منفرد فیشن انتخاب کو جہاں کئی مداحوں نے تاریخی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش قرار دیا وہیں بعض سوشل میڈیا صارفین نے قدیم آثار کو فیشن کا حصہ بنانے پر تنقید بھی کی۔

واضح رہے کہ زینڈایا جلد ہی ہدایت کار کرسٹوفر نولان کی فلم دی اوڈیسی میں یونانی دیوی ایتھینا کے کردار میں نظر آئیں گی تاہم یہ فلم 17 جولائی کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

Related posts

میسی کا آخری خواب یا انگلینڈ کا نیا عروج؟ ورلڈ کپ سیمی فائنل پر دنیا بھر کی نظریں

آئی سی سی کا سالانہ اجلاس ختم، کرکٹ دنیا کے لیے بڑے اعلانات سامنے آگئے

سرمایہ کاروں کے چہرے کھل اٹھے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا