اپنی سرزمین کا ہر صورت دفاع کریں گے، ترجمان اماراتی وزارت دفاع
امارات نے اب تک 172 میزائل تباہ کردیے ہیں جن میں سے زیادہ تر سمندر میں گرے، ترجمان وزارت دفاع
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہمارے ڈیفنس سسٹم نے تمام میزائل اور ڈرونز کو بروقت روکا اور ہم اپنی سرزمین کا ہر صورت دفاع کریں گے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے ترجمان نے انکشاف کیا کہ ایران کی جانب کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کو اماراتی دفاعی نظام نے ناکام بنادیا جب کہ بریفنگ کے دوران تباہ شدہ میزائلوں کا ملبہ بھی پیش کیا گیا۔
اماراتی حکام کے مطابق امارات کے دفاعی نظام نے تمام میزائل اور ڈرونز کو بروقت روک لیا۔ میزائل اور ڈرونز سے نمٹنا مشکل سمجھا جاتا ہے لیکن اماراتی فوج اس میں کامیاب رہی۔
ترجمان نے بتایا کہ امارات نے اب تک 172 میزائل تباہ کردیے ہیں جن میں سے زیادہ تر سمندر میں گرے۔ 812 ایرانی ڈرونز کا مشاہدہ کیا گیا جن میں سے 755 کو تباہ کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 68 زخمی ہوئے، جو بھی نقصان ہوا ہے وہ میزائل یا ڈرون لگنے سے نہیں بلکہ ملبہ گرنے سے ہوا۔
وزارت دفاع نے کہا کہ ایرانی کارروائی کے بعد متحدہ عرب امارات میں ہنگامی اقدامات تیز کردیے گئے۔ امارات کے پاس طویل عرصے تک دفاع کی صلاحیت ہے اور ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اماراتی وزارت دفاع کے ترجمان نے کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ امارات اس تنازع میں توسیع کے خواہاں نہیں اور کسی بھی مسئلے کا فوجی حل نہیں ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امارات کا ماننا ہے کہ بات چیت سے تمام مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب وزیر سیاحت و معیشت نے شہریوں کو ہدایت کی کہ جب تک ایئرلائن رابطہ نہ کرے شہری ایئرپورٹ نہ جائیں۔ پھنس جانے والے مسافروں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد متحدہ عرب امارات بھی ایرانی حملوں کی زد میں آیا ہے۔
