اسلام آباد: نیپرا نے بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری دیتے ہوئے سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے سے عوام کو اربوں روپے کا ریلیف ملے گا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اپریل تا جون 2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 1.89 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی ہے۔ یہ فیصلہ اب وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے تاکہ اس پر حتمی عمل درآمد ہوسکے۔
اس کمی کا اطلاق اگست تا اکتوبر 2025 کے لیے ہوگا جب کہ کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے صارفین اس ریلیف سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کے سستی بجلی پیکج کے تحت مزید ریلیف کی مدت ختم ہونےکےقریب
تاہم لائف لائن اور پری پیڈ صارفین اس کمی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اس اقدام سے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 55 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔
یاد رہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت کم کرنے کی درخواست کی تھی جس پر 4 اگست کو سماعت ہوئی۔
کراچی کے علاوہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں 78 پیسے فی یونٹ کمی
نیپرا نے جون 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی کی قیمت میں 78 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ یہ کمی کراچی کے سوا ملک بھر کے بجلی صارفین پر لاگو ہوگی۔
صارفین کو اس کمی کا ریلیف اگست کے بلوں میں ملے گا جب کہ کے الیکٹرک کے صارفین اس ماہانہ کمی سے مستفید نہیں ہوں گے۔