اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان کی خصوصی ہدایت پر سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اوورسیز لٹیگنٹس فیسلیٹیشن سیل قائم کر دیا۔
اس اقدام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو بروقت انصاف تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
یہ سیل سپریم کورٹ اسلام آباد کے پرنسپل سیٹ پر قائم کیا گیا ہے اور اس کا انچارج پرنسپل اسٹاف آفیسر کو مقرر کیا گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانی اب واٹس ایپ نمبر اور آن لائن پورٹل کے ذریعے براہِ راست اپنی درخواستیں اور شکایات جمع کرا سکیں گے۔
سیل صرف سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں آنے والے مقدمات نمٹائے گا۔ مقدمات کی جلد سماعت کے لیے خصوصی درخواستیں دی جا سکیں گی جبکہ سپریم کورٹ کے احکامات کی مصدقہ نقول بھی آن لائن فراہم کی جائیں گی۔
مزید برآں، تمام کیسز کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب اور محفوظ کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ سیل کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ براہِ راست چیف جسٹس پاکستان کو پیش کی جائے گی۔
عدالتی ماہرین کے مطابق اوورسیز لٹیگنٹس فیسلیٹیشن سیل کا قیام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جو عدالتی نظام میں جدید سہولتوں کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔