جدہ: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں جدہ ایئرپورٹ پر سعودی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
آمد کے فوراً بعد وزیر خارجہ سے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، قونصل جنرل خالد مجید اور او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب فواد شیر نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران او آئی سی اجلاس کے ایجنڈے، بالخصوص مسئلہ فلسطین اور غزہ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلامی تعاون تنظیم کا یہ غیر معمولی اجلاس آج جدہ میں شروع ہو رہا ہے، جو دو روز تک جاری رہے گا۔
اجلاس میں رکن ممالک فلسطین میں ہونے والی حالیہ پیشرفت پر غور کریں گے اور اسرائیلی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
علاوہ ازیں او آئی سی غیر معمولی اجلاس میں اسرائیل کے غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کے معاملے پر بھی بات چیت متوقع ہے۔