وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے میں تربیت کے لیے 300 پاکستانی طلبا کو چین بھیجنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تربیت چین کے زرعی تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے کا ایک اہم موقع ہے، جس سے پاکستان کی زرعی ٹیکنالوجی میں انقلاب آ سکے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور چین کی جانب سے پاکستانی طلبا کو تربیت دینے پر حکومت چین کا شکر گزار ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زرعی شعبے کی جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مزید برآں وزیراعظم نے تربیتی پروگرام میں بلوچستان کے لیے 10 فیصد اضافی کوٹہ کا اعلان کیا، جسے صوبے کی ترقی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم میں بھی بلوچستان کا حصہ زیادہ رکھا گیا ہے تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو بہتر مواقع ملیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا قابل اعتماد دوست رہا ہے اور مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعظم نے عہد کیا کہ دن رات محنت کرکے پاکستان کو قائد کا پاکستان بنائیں گے۔