لزبن: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی طویل مدتی ساتھی جارجینا روڈریگیز نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ شاید دونوں شادی کی تیاری کررہے ہیں۔
یہ قیاس آرائیاں اس وقت زور پکڑگئیں جب جارجینا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کی انگلی پر ایک بڑی انگوٹھی نمایاں تھی۔
تصویر کے ساتھ جارجینا نے لکھا ’’ہاں میں مانتی ہوں۔ اس زندگی میں اور اپنی تمام زندگیوں میں‘‘۔ اس رومانوی کیپشن نے مداحوں اور گاسپ میگزینز کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا کہ ممکن ہے یہ جوڑا تقریباً نو سال کے تعلق کے بعد بالآخر شادی کرنے جارہا ہے۔
40 سالہ رونالڈو اور 31 سالہ جارجینا 2016 سے رشتے میں ہیں جب کہ ان کی ملاقات مبینہ طور پر اس وقت ہوئی جب رونالڈو ریال میڈرڈ کے لیے کھیل رہے تھے۔
دونوں کے پانچ بچے ہیں جن میں کرسٹیانو جونیئر (15 سال)، جڑواں ایوا ماریا اور میٹیو (8 سال)، الانا مارٹینا (7 سال) اور بیلا ایسمرالڈا (3 سال)۔ اپریل 2022 میں ان کا نوزائیدہ بیٹا اینجل انتقال کرگیا تھا جسے رونالڈو نے اپنی زندگی کا سب سے مشکل لمحہ قرار دیا تھا۔
یہ جوڑا پہلی بار جنوری 2017 میں دی بیسٹ فیفا فٹ بال ایوارڈ میں عوامی طور پر ایک ساتھ نظر آیا تھا جس کے چند ماہ بعد انہوں نے اپنے تعلق کی تصدیق کی تھی۔
2017 کے وسط میں انہوں نے سروگیسی کے ذریعے جڑواں بچوں کا خیرمقدم کیا، اس کے بعد الانا مارٹینا کی پیدائش بھی اسی سال ہوئی اور 2022 میں بیلا ایسمرالڈا نے خاندان میں شمولیت اختیار کی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ان کی منگنی کی خبریں زیر گردش ہیں۔ اپریل 2022 میں بھی جارجینا نے ایک چمکتی انگوٹھی کی تصویر شیئر کی تھی لیکن اس وقت بھی نہ انہوں نے اور نہ ہی رونالڈو نے اس بات کی تصدیق کی تھی۔
دونوں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ تر خاموش رہتے ہیں، صرف کبھی کبھار سوشل میڈیا یا عوامی تقریبات میں مداحوں کو جھلک دکھاتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس وقت رونالڈو سعودی عرب کے کلب النصر کے لیے کھیل رہے ہیں اور اپنی کارکردگی اور کیریئر کے فیصلوں پر تنقید کے باوجود اب بھی دنیا کے سب سے مشہور کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ وہ پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے بھی کھیل رہے ہیں اور مسلسل گول اسکور کرنے والوں میں شامل ہیں۔
اگرچہ جوڑے نے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا لیکن جارجینا کی تازہ پوسٹ نے یورپ اور لاطینی امریکا میں ایک بار پھر سرخیاں بنا دی ہیں۔ مداحوں میں بحث جاری ہے کہ آیا یہ انگوٹھی طویل انتظار کی گئی منگنی کا اشارہ ہے یا صرف ان کی پائیدار محبت کی ایک اور علامت ہے۔