اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں قطری قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک روزہ دورے پر دوحہ روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
وزیراعظم دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر وہ قطر پر بلاجواز اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت اور قطری شاہی خاندان اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
وزیراعظم اس ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ پاکستان ہمیشہ قطر کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ہر مشکل گھڑی میں برادر ملک کا ساتھ دیتا رہے گا۔
ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال، اسرائیل کی جانب سے مختلف ممالک پر جارحانہ حملوں اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مشاورت ہوگی۔
قطر اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک علاقائی و عالمی سطح پر قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔