اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے کئی شہروں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، شدید بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جس پر واسا نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ سید پور میں 90 ملی میٹر، شمس آباد میں 80، کٹاریاں 78، پی ایم ڈی میں 55 اور پیر ودھائی میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ مردان، سوات، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور ہری پور میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ بعض گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ کالا باغ میں بھی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں برساتی نالوں میں پانی کے تیز بہاؤ کا خطرہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ ایبٹ آباد کے علاقے درویش آباد میں بارش کے باعث ایک گھر کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو کمسن بچیاں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔