اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور بھی غافل نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی، جس میں ڈاکٹر عافیہ کے مقدمے اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی صورت غافل نہیں رہی اور اس حوالے سے ماضی میں بھی سفارتی اور قانونی معاونت فراہم کی جاتی رہی ہے۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یقین دلایا کہ حکومت اب بھی ہر ممکنہ قانونی اور سفارتی اقدامات جاری رکھے گی تاکہ اس معاملے میں مثبت پیش رفت ہو سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل امریکا کے صدر جو بائیڈن کو ذاتی طور پر خط بھی لکھ چکے ہیں، جس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس پر توجہ دینے کی درخواست کی گئی تھی۔
وزیراعظم نے اس مسئلے پر مزید پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی وزیر قانون و انصاف، اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان بھی کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ کمیٹی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے مسلسل رابطے میں رہے گی اور ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے کام کرے گی۔
