مائیکل جیکسن نے مرنے کے 16 سال بعد بھی ایک اور تاریخی اعزاز حاصل کرلیا
یہ نیا سنگ میل ان کے بعد از وفات جاری ہونے والے گانے ’’شکاگو‘‘ کی مقبولیت کے باعث حاصل ہوا۔
پاپ موسیقی کے بادشاہ مائیکل جیکسن نے اپنی وفات کے 16 سال بعد ایک اور تاریخی اعزاز حاصل کرلیا ہے جس کے تحت وہ چھ مختلف دہائیوں میں میوزک چارٹس پر آنے والے دنیا کے پہلے فنکار بن گئے ہیں۔
میوزک چارٹس کی رپورٹ کے مطابق مائیکل جیکسن واحد فنکار ہیں جن کے گانے چھ دہائیوں تک مختلف ادوار میں چارٹس میں جگہ بناتے رہے ہیں جو عالمی موسیقی کی تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ سمجھا جارہا ہے۔
یہ نیا سنگ میل ان کے بعد از وفات جاری ہونے والے گانے ’’شکاگو‘‘ کی مقبولیت کے باعث حاصل ہوا جو ان کے 2014 کے البم سے لیا گیا تھا۔ یہ گانا حال ہی میں میوزک چارٹ میں 30 ویں نمبر پر شامل ہوا جس کے بعد ان کے مجموعی سولو چارٹ انٹریز کی تعداد 52 ہوگئی۔
مائیکل جیکسن کا پہلا چارٹ انٹری 1972 میں آیا تھا جب وہ کم عمری میں ہی میوزک انڈسٹری میں قدم رکھ چکے تھے۔ اس کے بعد ان کے گانے 1970 کی دہائی سے لے کر 2020 کی دہائی تک مسلسل مختلف ادوار میں مقبول ہوتے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ عرصے میں ان کے گانے کی اسٹریمنگ میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جس دوران لاکھوں افراد نے ان کا گانا سنا۔ ماہرین کے مطابق اس گانے کی مقبولیت بتدریج بڑھی جو کسی وقتی رجحان کے بجائے مستقل دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ گانا 2014 میں ایک ایسے پروجیکٹ کے تحت جاری کیا گیا تھا جس میں مائیکل جیکسن کے غیر ریلیز شدہ گانوں کو ان کی وفات کے بعد مکمل کرکے پیش کیا گیا تھا۔
اگرچہ مائیکل جیکسن 2009 میں 50 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئے تھے تاہم ان کی موسیقی آج بھی دنیا بھر میں سنی اور پسند کی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ان کی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا فن وقت کی قید سے آزاد ہے۔
یہ نیا ریکارڈ اس بات کی مزید تصدیق کرتا ہے کہ مائیکل جیکسن کی موسیقی نہ صرف ماضی میں بلکہ موجودہ دور میں بھی نئی نسلوں کو متاثر کر رہی ہے اور ان کا اثر عالمی ثقافت پر آج بھی برقرار ہے۔
