فیل ہوئے تو سیدھا کوئلے کی کان میں نوکری؟ شمالی کوریا کا حیران کن تعلیمی فیصلہ
اس سال پہلی بار سینئر مڈل اسکولوں میں انتخابی مضامین کا نظام متعارف کرایا گیا تھا
شمالی کوریا میں تعلیمی نظام سے متعلق ایک سخت اور غیر معمولی فیصلہ سامنے آیا ہے، جہاں امتحانات میں ناکام ہونے والے طلبہ کو کوئلے کی کانوں یا تعمیراتی کاموں پر بھیجنے کی وارننگ دے دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تعلیمی سال 2026 میں متعارف کروائے گئے نئے انتخابی مضامین کے تحت ہونے والے امتحانات میں بڑی تعداد میں طلبہ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکے، جس پر حکام نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
حکمران جماعت ورکرز پارٹی آف کوریا نے اس صورتحال کو “غیر معمولی” قرار دیتے ہوئے تعلیمی اداروں میں سختی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی سطح پر محکمہ تعلیم نے واضح پیغام دیا ہے کہ کمزور کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو عملی کاموں، خصوصاً کوئلے کی کانوں اور تعمیراتی منصوبوں میں تعینات کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس سال پہلی بار سینئر مڈل اسکولوں میں انتخابی مضامین کا نظام متعارف کرایا گیا تھا تاکہ طلبہ کی صلاحیتوں کا بہتر اندازہ لگایا جا سکے، تاہم نتائج توقعات کے برعکس آنے پر حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مختلف علاقوں میں انسپکشن ٹیمیں بھیج دی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف طلبہ پر دباؤ بڑھے گا بلکہ تعلیمی ماحول پر بھی گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس خبر نے بحث چھیڑ دی ہے۔
