جنگ بندی کا اثر؛ اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 17 حدیں بحال
100 انڈیکس میں ہفتہ بھر کے دوران 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار کاروبار کے دوران نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی جہاں جنگ بندی کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 100 انڈیکس میں ہفتہ بھر کے دوران 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں انڈیکس 16,792 پوائنٹس بڑھ کر 150,398 پوائنٹس سے 167,191 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ میں مجموعی طور پر 17 نفسیاتی حدیں بحال ہوئیں جب کہ 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 168,290 اور کم ترین سطح 147,771 رہی۔
اسی عرصے میں مارکیٹ میں 3.3 ارب شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مجموعی مالیت 203.6 ارب روپے رہی۔
مزید برآں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 1,748 ارب روپے بڑھ کر 18,473 ارب روپے تک جا پہنچی جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
