پرواز میں شہید بچوں کی تصاویر؛ محمد باقر قالیباف کی جذباتی پوسٹ وائرل
میناب اسکول کے شہداء کی یاد میں ایرانی پرواز کو خاص نام دے دیا گیا
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پاکستان روانگی کے دوران طیارے کے اندر کی ایک جذباتی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں نشستوں پر ’میناب اسکول‘ کے شہید بچوں کی تصاویر اور بستے رکھے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنی پوسٹ میں اسپیکر باقر قالیباف نے لکھا کہ “طیارے میں یہ میرے احباب ہیں” جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق پاکستان آنے والے مذاکراتی وفد کے طیارے کو حالیہ جنگ کے دوران متاثر ہونے والے میناب اسکول سے منسوب کیا گیا ہے۔
همراهان من در این پرواز#Minab168 pic.twitter.com/xvXmDlSDiF
— محمدباقر قالیباف | MB Ghalibaf (@mb_ghalibaf) April 10, 2026
’میناب 168‘ ان 168 ایرانی شہریوں جن میں بڑی تعداد بچوں کی تھی، ان کی یاد میں رکھا گیا نام ہے جو 28 فروری کو میزائل حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
یہ حملہ ایران کے شہر میناب میں واقع بچوں کے اسکول “شجرۂ طیبہ” پر کیا گیا تھا جس میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا تاہم ایران کا مؤقف ہے کہ یہ حملہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیا گیا تھا۔
پاکستان پہنچنے کے بعد ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایک بار پھر اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یاد رہے کہ ایران کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے پہنچ گیا ہے جس کی قیادت ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جب کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
اسلام آباد آمد پر وفد کا استقبال پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا تاہم اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے بھی معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
