ایرانی میزائلوں کی بارش سے مرکزی اسرائیل میں دھماکے، ہنگامی حالت نافذ
عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت سائرن بج اٹھے اور شہری پناہ گاہوں کی طرف دوڑ پڑے
مرکزی اسرائیل ایک بار پھر میدانِ جنگ بن گیا جب ایرانی میزائل تل ابیب کے علاقے میں آ گرے۔ اسرائیلی فوج نے آج تصدیق کی کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں متعدد مقامات پر دھماکے ہوئے، جس کے بعد ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو فورسز اور دیگر ہنگامی ادارے متاثرہ مقامات پر کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ حملوں کی نوعیت اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ میزائلوں یا ان کے ٹکڑوں کے گرنے سے مختلف مقامات متاثر ہوئے۔
اسرائیلی ایمبولینس سروس کے مطابق کم از کم تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے تصدیق کی ہے کہ تل ابیب ڈسٹرکٹ میں کئی مقامات پر گولہ بارود کے ٹکڑے ملے ہیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت سائرن بج اٹھے اور شہری پناہ گاہوں کی طرف دوڑ پڑے۔ آسمان پر دھماکوں اور میزائل دفاعی نظام کی کارروائیوں کی آوازیں دیر تک سنائی دیتی رہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
