بینکاک: تھائی لینڈ کی سرحد پر ہنگامی صورتحال کے باعث حکومت نے 8 اضلاع میں مارشل لا نافذ کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کی سرحد سے متصل آٹھ اضلاع میں فوری طور پر مارشل لا نافذ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
تھائی فوج کے بارڈر ڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر، اپیچارٹ سپراسرت نے بیان میں تصدیق کی کہ ’’مارشل لا اب مؤثر ہوچکا ہے‘‘۔
خیال رہے کہ یہ اقدام چنتھابوری اور ترات صوبوں کے ان علاقوں میں کیا گیا ہے جو کمبوڈیا کی سرحد کے قریب واقع ہیں۔
مارشل لا سے متاثرہ اضلاع میں صوبہ چنتھابوری کے میوانگ چنتھابوری، تھامائی، مکحم، لایم سنگ، کیانگ ہانگ میو، نایائی ایم اور کھاو کھچاکت شامل ہیں جب کہ صوبہ ترات کے ضلع کھاو سامنگ میں مارشل لا کا نفاذ کیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو ان اضلاع میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے خصوصی اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔