پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 6 پیشہ وارانہ شعبوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ
گراس روٹ سے ایلیٹ لیول تک ہاکی کی بحالی کا جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے
پاکستان ہاکی کی بحالی کے لیے بڑے ادارہ جاتی اصلاحاتی اقدامات کا اعلان کر دیا گیا، ایڈہاک کمیٹی نے 90 روزہ روڈ میپ کی منظوری دے دی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی ایڈہاک کمیٹی کے پہلے اجلاس میں ہاکی کی بحالی کے لیے اسٹریٹیجک ریفارمز ایجنڈا جاری کیا گیا۔ اجلاس میں فیڈریشن کو 6 پیشہ وارانہ شعبوں میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا تاکہ انتظامی امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق 90 روزہ روڈ میپ میں ادارہ جاتی شفافیت، جمہوری نظام کی مضبوطی اور پروفیشنل مینجمنٹ کو بنیادی ترجیح دی گئی ہے۔ گراس روٹ سے ایلیٹ لیول تک ہاکی کی بحالی کا جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے، جس میں ڈیٹا بیس کی تیاری اور میرٹ پر مبنی سسٹم کو کلیدی ستون قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر، پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی، سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
فیصلہ کیا گیا کہ مختلف ایج گروپس میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیے جائیں گے، جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی سربراہی میں انڈر 21 انٹر یونیورسٹی ہاکی چیمپئن شپ منعقد کی جائے گی تاکہ تعلیمی اداروں سے نئی صلاحیتوں کو سامنے لایا جا سکے۔
ایڈہاک کمیٹی نے نیشنل ہاکی لیگ کے انعقاد کے لیے نجی کمپنی سے معاہدہ طے کرنے کی بھی منظوری دی، جبکہ پاکستان کسٹمز ہاکی ٹیم کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید برآں اعلان کیا گیا کہ ہالینڈ اور آسٹریلیا سے سیکنڈ ہینڈ ٹرف منگوا کر پسماندہ اضلاع میں نصب کیے جائیں گے تاکہ ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق ان اقدامات سے قومی کھیل کو دوبارہ عروج پر لانے میں مدد ملے گی۔
