امریکی حکام نے بھارتی نژاد شہری اور سابق اعلیٰ سرکاری مشیر ایشلے تیلس کو حساس دفاعی معلومات رکھنے کے الزام میں ورجینیا سے گرفتار کر لیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق، ان کے گھر سے انتہائی خفیہ اور حساس معلومات پر مشتمل ایک ہزار سے زائد صفحات برآمد کیے گئے ہیں۔
محکمہ انصاف (یو ایس جسٹس ڈپارٹمنٹ) کا کہنا ہے کہ ایشلے تیلس، جو ممبئی بھارت میں پیدا ہوئے اور بعد ازاں امریکا میں بطور سینیئر ایڈوائزر برائے محکمہ خارجہ خدمات انجام دے رہے تھے، ان پر قومی سلامتی سے متعلق حساس دستاویزات کو غیر مجاز طریقے سے رکھنے کا الزام ہے۔
اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ایشلے تیلس کو 10 سال قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
حکام کے مطابق، تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔ امریکی قومی سلامتی کے نکتہ نظر سے یہ مقدمہ انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
