آئی سی سی بورڈ اجلاس مارچ میں دوحا میں منعقد ہوگا
اجلاس میں عالمی ٹورنامنٹس، گورننس اصلاحات اور کرکٹ کے فروغ سے متعلق اہم فیصلے زیر غور آئیں گے
کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ اور کمیٹیوں کے اہم اجلاس آئندہ ماہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں منعقد ہوں گے، جہاں عالمی کرکٹ کے موجودہ اور مستقبل کے معاملات پر غور کیا جائے گا۔
اسپورٹس ڈیسک کے مطابق اجلاس 25 سے 27 مارچ 2026 تک شیڈول ہے جس میں آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹرز، چیف ایگزیکٹیوز، مختلف کمیٹیوں کے ارکان اور اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی۔ توقع ہے کہ ان نشستوں میں عالمی ٹورنامنٹس، گورننس اصلاحات اور کرکٹ کے فروغ سے متعلق اہم فیصلے زیر غور آئیں گے۔
اجلاسوں کی میزبانی قطر کو دیے جانے کو خطے میں کرکٹ کے بڑھتے اثر و رسوخ اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی ترقی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی کی قطر کرکٹ ایسوسی ایشن اور قطر اولمپک کمیٹی کے ساتھ شراکت داری کے نتیجے میں حالیہ برسوں میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2020 کے بعد قطر میں کرکٹ میں مجموعی شرکت میں 447 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ملک میں کھیل کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے۔
