پاکستان اور بھارت کے ممکنہ سیمی فائنل ٹاکرے کی راہ ہموار
یہ اسی صورت میں ممکن ہوگی جب دونوں ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں کامیابی کے ساتھ آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائیں
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا سپر ایٹ مرحلہ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جہاں سیمی فائنل لائن اپ کی دوڑ تیز ہونے کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ مقابلے کی قیاس آرائیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔
20 ٹیموں پر مشتمل میگا ایونٹ میں اب 8 ٹیمیں باقی رہ گئی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سپر ایٹ کے آغاز میں پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا، جس سے گروپ میں پوائنٹس کی دوڑ مزید پیچیدہ ہو گئی۔
پاکستان اپنے گروپ میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا کے ساتھ مقابلہ کر رہا ہے، جبکہ بھارت دوسرے گروپ میں جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے مدمقابل ہے۔ دونوں گروپس سے دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی۔
اسی فارمیٹ کے باعث پاکستان اور بھارت کی ٹکر سیمی فائنل میں ممکن ہے، تاہم یہ اسی صورت میں ممکن ہوگی جب دونوں ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں کامیابی کے ساتھ آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائیں۔
میچ وینیو کے حوالے سے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ اگر بھارت سیمی فائنل میں پہنچتا ہے تو اس کا طے شدہ مقام وانکھیڈے اسٹیڈیم ہے، لیکن پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت مقابلہ آر پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم منتقل کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب اگر پاکستان فائنل فور میں جگہ بنانے میں ناکام رہتا ہے تو بھارت اپنا سیمی فائنل ممبئی میں ہی کھیلے گا۔ یوں سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کی کارکردگی براہ راست سیمی فائنل کے شیڈول اور مقام پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
