دہلی میں لاپتہ افراد کے بڑھتے واقعات پر تشویش، سیکیورٹی انتظامات پر سوالات
ناقدین کے مطابق نریندر مودی کی حکومت میں سیکیورٹی اور انتظامی چیلنجز توجہ طلب ہیں
بھارتی دارالحکومت میں لاپتہ افراد کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ سیکیورٹی اور انتظامی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق رواں سال جنوری کے پہلے پندرہ دنوں میں 800 سے زائد افراد دہلی میں لاپتہ رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روزانہ اوسطاً 60 سے زائد افراد، جن میں تقریباً 16 بچے شامل ہوتے ہیں، گمشدگی کا شکار ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں: نئی دہلی میں زہریلی آلودگی کے ساتھ شدید دھند، فضائی آمدورفت شدید متاثر
اعداد و شمار کے مطابق 2017 سے 2023 کے دوران ہر سال اوسطاً تقریباً 13 ہزار خواتین اور 4 ہزار کمسن لڑکیوں کی گمشدگی کی اطلاعات موصول ہوئیں جبکہ متعدد کیسز میں متاثرین کی بازیابی تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں سیکیورٹی اور انتظامی چیلنجز توجہ طلب ہیں، تاہم حکومتی حلقے جرائم کے سدباب کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا مؤقف اختیار کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایسے واقعات پر قابو پانے کے لیے بہتر پولیسنگ، سماجی تحفظ کے اقدامات اور ریاستی سطح پر مؤثر حکمت عملی ضروری ہے تاکہ بھارت میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
