صوبے میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ اطلاعات سندھ کے صوبائی رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل نے دریاؤں اور بیراجوں میں پانی کی آمد و اخراج کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ آبپاشی سندھ کے مطابق گڈو بیراج پر کچھ اتار چڑھاؤ کے بعد اپ اسٹریم میں پانی کی آمد 369,649 کیوسک ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج 354,224 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح سکھر بیراج پر بھی کچھ اضافے کے ساتھ اپ اسٹریم میں پانی کی آمد 300,575 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج 250,875 کیوسک ریکارڈ ہوا۔
محکمہ اطلاعات سندھ نے بتایا کہ کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم میں پانی کی آمد ابھی بھی 266804 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 237999 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے سندھ میں بھی شدید سیلاب کا خطرہ ، این ڈی ایم اے نے خبردار کر دیا
تریموں میں پانی کے بہاو میں 40828 کیوسک کمی کے بعد آمد و اخراج 345،083 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پنجند میں پانی کی آمد 182107 کیوسک جبکہ اخراج 169207 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق سندھ میں سیلابی صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے ہر ممکن اقدامات کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے ملک کو اس وقت تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے جبکہ بھارت کی جانب سے دریا ستلج اور دریا چناب میں پانی چھوڑے جانے کے بعد کئی دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب کا خدشہ ہے۔