اسلام آباد: نجی اسکیم کے تحت حج سے محروم رہ جانے والے عازمین آئندہ برس حج کرسکیں گے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ آپریٹرز عازمین حج سے کوئی اضافی رقم نہیں لیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پرائیویٹ آپریٹرز کی تنظیم ہوپ نے حج سے رہ جانے والے عازمین کے حوالے سے وزارت مذہبی امور کو یقین دہانی کرادی ہے، جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہوپ 25 سے 26 ہزار رہ جانے والے عازمین کو آئندہ برس حج پر بھجوائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نئی حج پالیسی 2026 کی منظوری، سرکاری اسکیم کا کوٹہ 70 فیصد مختص
پرائیویٹ اسکیم کے حج سے رہ جانے والے عازمین کے 36 ارب روپے یعنی 490 ملین ریال سعودی عرب کے وائلٹ میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس 67 ہزار نہیں بلکہ تقریبآ 63 ہزار حج کوٹہ استعمال نہیں ہو سکا، پرائیویٹ آپریٹرز 63 ہزار کے کوٹے پر مکمل بکنگ نہیں کر سکے۔
سینٹ کی مذہبی امور کمیٹی وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آپریٹرز کو ذمہ دار قرار دے چکی ہے، جبکہ چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی نے پرائیویٹ آپریٹرز اور وزارت مذہبی امور کے افسران کو عازمین کے حج سے رہ جانے کا سبب قرار دیا۔