اسلام آباد: عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد غالب الاسدی پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے معترف ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے ایئرہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس موقع پر عراقی کمانڈر نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی تعاون، مشترکہ تربیت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں شراکت داری کو فروغ دینے پر گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان تاریخی و مذہبی تعلقات ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے جب کہ ایئر چیف نے عراقی فضائیہ کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فضائیہ استعداد کار اور تربیت کے شعبے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اس دوران دونوں فضائی افواج نے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز پر اتفاق بھی کیا۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تربیتی نظام کو سراہا اور خواہش ظاہر کی کہ عراقی فضائیہ اپنے تربیتی ڈھانچے کی تشکیل نو پی اے ایف کے ماڈل پر کرے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا ہے کہ دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل محمد غالب الاسدی نے نیشنل ایرواسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا۔ دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔