اقوام متحدہ کے ڈاکیومنٹ ادارے یونیورسل پوسٹل یونین نے اعلان کیا ہے کہ امریکی حکومت کی نئی ٹیرف پالیسیوں کے سبب دنیا کے 25 ممالک نے امریکا کے لیے پارسل بھیجنے کی سروسز بند کر دی ہیں۔
ادارے نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے 29 اگست سے چھوٹے پارسلز پر دی جانے والی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کے فیصلے نے عالمی سطح پر شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔
اس فیصلے کے بعد فرانس، جرمنی، بھارت، آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک کی پوسٹل سروسز نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا کو بھیجے جانے والے پارسلز کی قبولیت روک دیں گی۔
یونیورسل پوسٹل یونین کا کہنا ہے کہ 25 رکن ممالک کے پوسٹل آپریٹرز نے انہیں مطلع کیا ہے کہ نئی امریکی پالیسیوں کی غیر واضح صورتحال کی وجہ سے انہوں نے امریکا کے لیے پارسلز کی ترسیل معطل کر دی ہے۔
ادارے نے واضح کیا کہ یہ معطلی تب تک جاری رہے گی جب تک امریکا اپنے نئے ٹیرف نظام اور انتظامی تبدیلیوں کی وضاحت نہیں کرتا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ نئی پالیسیوں کے نفاذ کے بارے میں اب تک کوئی واضح گائیڈ لائن نہیں دی گئی جس کے باعث عالمی ڈاک خدمات میں ابہام پایا جا رہا ہے اور یہ صورتحال عالمی تجارت میں خلل ڈالنے کا باعث بن سکتی ہے۔