صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس بات کا اعلان وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جو صفا کوئٹہ اینٹیگریٹڈ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ سے متعلق تھا۔
اجلاس میں کوئٹہ شہر کی صفائی، ستھرائی اور خوبصورتی سے متعلق جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ شہر کے 84 وارڈز سے روزانہ ایک ہزار ٹن سے زائد کچرا اٹھایا جا رہا ہے، جب کہ اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار ٹن سے زائد کچرا شہر سے ہٹایا جا چکا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے صفا کوئٹہ پروجیکٹ کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی کا مقصد ماحول کو محفوظ بنانا اور شہر کو صاف و شفاف رکھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کو ماحولیاتی بہتری کا ماڈل شہر بنایا جائے گا، اور اس کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اقدامات کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بیگز کے متبادل کے طور پر ماحول دوست تھیلوں کا استعمال ناگزیر ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کریں تاکہ اس فیصلے پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔