لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ بات چیت صرف برابری کی بنیاد پر ہوگی، اب بھیک مانگنے کا وقت گزر چکا ہے۔
محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قومی ٹیم مستقبل میں اچھی کارکردگی دکھائے گی اور کھلاڑی دبئی سمیت ہر میدان میں بہتر پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کی شمولیت یا اخراج کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کا کام ہے، میرا اس عمل میں کوئی کردار نہیں۔ اللہ نے چاہا تو ہماری ٹیم بھارت سمیت ہر ٹیم کے خلاف اچھا کھیل پیش کرے گی۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم سے بھی بتدریج سیاست نکل رہی ہے اور امید ہے کہ حالات میں بہتری آئے گی۔ قومی ٹیم پر غیر ضروری تنقید سے گریز کیا جائے اور عوام اپنے کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کریں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ٹیم نے میدان میں محنت کرنی ہے اور ہم سب ان کے پیچھے کھڑے ہیں۔ اگر کھلاڑی متحد ہوکر کھیلیں تو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔