پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخابات میں باہمی تعاون کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ جس حلقے میں کسی ایک پارٹی کا امیدوار عام انتخابات میں دوسرے نمبر پر آیا تھا، وہاں دوسری جماعت اس کی حمایت کرے گی۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ فارمولا پارٹی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں طے پایا ہے جس کے تحت ن لیگ اُن نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو سپورٹ کرے گی جہاں وہ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی طرح جہاں ن لیگ کے امیدوار دوسرے نمبر پر تھے، وہاں پیپلز پارٹی حمایت کرے گی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی پہلے ہی سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک دوسرے کی اتحادی جماعتیں ہیں اور اب ضمنی انتخابات میں بھی مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ حصہ لیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اتحاد دونوں جماعتوں کو انتخابات میں بہتر نتائج دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
رہنماؤں نے اعتماد ظاہر کیا کہ مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے ن لیگ اور پیپلز پارٹی ضمنی انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کریں گی اور عوام کو ایک مضبوط سیاسی اتحاد کا پیغام دیں گی۔