اسلام آباد: پاکستان نے آئس ہاکی کے میدان میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ’لیٹم کپ‘ ڈویژن تھری چیمپئن شپ 2025 جیت لی۔
امریکہ میں منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں قومی ٹیم نے پیرو کو 1 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستانی مردوں کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست رہی، جو کہ کھیل میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کی واضح عکاسی ہے۔
اسی ایونٹ میں پاکستان کی خواتین آئس ہاکی ٹیم نے بھی ڈویژن ٹو میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، جو کہ خواتین کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
چیمپئن شپ میں 17 ممالک کی 62 سے زائد ٹیموں نے شرکت کی، جس نے مقابلے کو عالمی سطح پر اہم بنا دیا۔
اس تاریخی فتح سے پاکستان میں آئس ہاکی جیسے غیر روایتی کھیل کو فروغ دینے کی نئی راہیں کھلنے لگی ہیں اور مستقبل میں اس میدان میں مزید کامیابیوں کی امید پیدا ہوگئی ہے۔