پاکستان کے مقبول ٹک ٹاک اسٹار، ریپر، گلوکار اور موسیقار سڈ ریپر نے ماضی کے رازوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے گلوکار فلک شبیر کے ساتھ پیش آئے تلخ تجربات کا انکشاف کردیا ہے۔
سڈ ریپر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ فلک شبیر کے ساتھ اسٹیج پر ان کا تجربہ خوشگوار نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے کچھ وقت کے لیے موسیقی سے کنارہ کشی اختیار کی کیونکہ کچھ سینئر فنکاروں کے غیر مناسب رویے نے دل توڑ دیا تھا۔ فلک شبیر نے کئی مرتبہ ہمیں ایسے گانے گانے سے روکا جو ان کے ذاتی گانے بھی نہیں تھے۔
سڈ ریپر نے کہا کہ اکثر ایسا ہوتا کہ ہم اسٹیج پر پرفارم کر رہے ہوتے اور اچانک ہماری آواز بند کر دی جاتی، ہم صرف مائیک ہاتھ میں لے کر خاموش کھڑے رہ جاتے، یہاں تک کہ بعض اوقات ہماری چائے تک واپس لے لی جاتی، یہ رویہ اندرونی عدمِ تحفظ کو ظاہر کرتا ہے۔
ٹک ٹاک اسٹار کے مطابق ایک موقع پر فلک شبیر نے نہ صرف انہیں کچھ گانے گانے سے روکا بلکہ ان کے لیپ ٹاپ سے ان کے میوزک ٹریکس کو “شفٹ + ڈیلیٹ” کمانڈ کے ذریعے خود حذف بھی کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ وقت تھا جب ہم مالی اور پیشہ ورانہ جدوجہد سے گزر رہے تھے، ہم نے کبھی اپنے گھر والوں کو اس سب کا علم نہیں ہونے دیا کیونکہ وہ ہمیں طنزاً ’میراثی‘ کہا کرتے تھے، ہماری کوئی پروفیشنل ٹیم یا میڈیا سپورٹ نہیں تھی اسی لیے ہم نے انٹرویوز بھی نہیں دیے۔
سڈ ریپر نے گلوکار ابرار الحق پر بھی ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ ابرار بھائی میرے ساتھ کام کر چکے ہیں، کئی بار فون پر بات بھی ہوئی لیکن ایک انٹرویو میں انہوں نے مجھے پہچاننے سے انکار کر دیا جیسے مجھے جانتے ہی نہ ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے بیانات حقیقت پر مبنی ہیں اور اگر کوئی شک کرے تو فلک شبیر کے مینیجر ڈی جے میک خود اس پروگرام کو دیکھ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ سڈ ریپر، جن کے ٹک ٹاک پر 14.1 ملین فالورز ہیں، سوشل میڈیا پر اپنی منفرد تخلیقی صلاحیتوں اور موسیقی کے باعث ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
گزشتہ سال انہوں نے چاہت فتح علی خان کے وائرل گانے ”بدو بدی“ کو ابرار الحق کے ساتھ مکس کیا تھا، جو نہایت مقبول ہوا اور سوشل میڈیا پر لاکھوں صارفین نے پسند کیا۔