پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران پیش آنے والا ذاتی اور خوفناک تجربہ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے قدرتی آفات کے متاثرین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر بتایا کہ وہ حال ہی میں ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام نتھیا گلی سے واپسی کے سفر میں شدید خوف اور بے بسی کا شکار رہیں، مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث ہر لمحہ یہی اندیشہ رہا کہ وہ کسی حادثے کا شکار نہ ہو جائیں۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ راستے میں انہیں بار بار یہ خیال آ رہا تھا کہ اگر اچانک آنے والا ریلا یا لینڈ سلائیڈنگ انہیں اپنی لپیٹ میں لے لے تو کیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران ان کا ذہن ان ہزاروں متاثرین کی طرف بھی جاتا رہا، جو ان دنوں بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہو کر بے گھر اور بے یارومددگار ہوچکے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اب انہیں اس بات کا گہرا احساس ہے کہ قدرتی آفات کے سامنے انسان کس قدر بے بس ہو جاتا ہے، لوگ لمحہ لمحہ اپنی زندگیاں، گھر اور پیاروں کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں، مگر اکثر ان کے ہاتھ کچھ بھی نہیں آتا۔
ماہرہ خان نے اپنے پیغام کے آخر میں خدا سے رحمت، حفاظت اور متاثرہ خاندانوں کے لیے آسانیوں کی دعا کی۔
اداکارہ ماہرہ خان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں غیر معمولی بارشوں نے شدید تباہی مچا رکھی ہے۔
خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 400 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ سندھ اور کراچی میں اربن فلڈنگ سے معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو چکی ہے۔