بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم اس وقت بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں فعال ہے۔ آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران مردان، شانگلہ، بونیر، سوات اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: پاک فوج کے مزید دستے سیلاب سے متاثرہ اضلاع پہنچ گئے
صوابی، ہری پور، پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ کوہستان، مری، گلیات اور قریبی مقامات میں بارش برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ اور گڑھی دوپٹہ میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح پونچھ، ہٹیاں، حویلی سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے مزید بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے جس کے نتیجے میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ ہے۔